اسلام آباد : ملک میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس میں اٹھارہ سے اکیس جولائی تک بارشوں سے فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے ملک میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، وسطی اور شمال مشرقی پنجاب میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ین ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اٹھارہ سے اکیس تک وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران سوات، مینگورہ، بٹگرام، مردان، صوابی، ہری پور میں زیادہ بارش متوقع ہے۔
ایبٹ آباد، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔
الرٹ میں اٹھارہ سے اکیس جولائی تک پچاس ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشیں مقامی ندی، نالوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں اور فلیش فلڈنگ سے آمد و رفت میں خلل اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ عوام گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں جبکہ مسافر و سیاح لینڈ سلائیڈنگ سے دوچارعلاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔۔۔۔