این ڈی ایم اے نے موسمی صورت حال پر ایڈوائزری جاری کردی

کراچی موسم بارش

این ڈی ایم اے نے 25 جون سے یکم جولائی تک موسمی صورت حال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور، راولپنڈی، مظفرآباد سمیت کئی شہروں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

کراچی، سکھر، حیدرآباد، تھرپارکر سمیت کئی اضلاع میں 25 تا 28 جون آندھی، طوفان اور بارش کا امکان ہے، پشاور، چترال، مالاکنڈ، بنوں سمیت مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، استور، ہنزہ، اسکردو سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور طوفان سے کمزور درخت، دیواریں اور تعمیرات متاثر ہوسکتی ہیں، عوام بل بورڈز، کھمبوں اور کچی دیواروں سے دور رہیں۔