ملک بھر میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں این ڈی ایم اے کی تازہ رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران بارش سے 150 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان بھر میں مون سون بارشیں اور تباہ کاریاں جاری ہیں۔ ان بارشوں کے باعث ملک بھر میں ہونے والے نقصانات پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق 25 جون سے اب تک ملک بھرمیں 150 افراد جان سے گئے جب کہ 233 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 468 گھروں اور 289 مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 62 مرد، 25 خواتین اور 63 بچے شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اموات 66 پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 41، سندھ میں 15، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں چھ 6 جب کہ گلگت بلتستان میں 5 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد جان کی بازی ہارے ہیں۔ 233 زخمیوں میں 99 مرد، 62 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں۔