پاکستان کے ترقیاتی اسٹرکچر میں این ای ڈی کے طلبہ کا بڑا نمایاں کردار ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترقیاتی اسٹرکچر میں این ای ڈی کے طلبہ کا بڑا نمایاں کردار ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے 33ویں کانوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ این ای ڈی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلبا کو عملی میدان کیلئے تیار کرتی ہے، یہاں کے طلبہ عالمی سطح پر کامیابی کیساتھ مختلف شعبوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ این ای ڈی جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت سے شعبوں میں خدمات پیش کررہی ہے، سندھ حکومت، انرٹیک کا این ای ڈی کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کیلئے مکمل تعاون رہا۔

انھوں نے کہا کہ سہولت کا مقصد طلبا، فیکلٹی اور صنعتی اسٹیک ہولڈرز میں تعاون کو بڑھانا ہے، صوبے میں معاشی ترقی کو سہل اور بہتر بنانا ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے فنڈز کو 6 ارب سے بڑھا کر 33 ارب روپے کردیا ہے، یہ اقدام تعلیم کے فروغ میں ہمارےعزم کاثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 2022 کا سیلاب ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج رہا، جس نے صوبے بھر میں تباہی مچائی، متاثرہ افراد کیلئے گھروں کی تعمیرکا عمل جاری ہے، اس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بہت سے درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے، یقین ہے اساتذہ و طلبا ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمنٹنے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔