ٹرین خریدنے کے لیے300 کروڑ کا قرض چاہیے! خاتون افسر دنگ رہ گئی

کسی کمپنی کے کسٹمر کیئر سینٹر سے لون (قرض) کے لیے کال موصول ہونا آج کل بڑی عام سی بات ہے، تاہم کبھی کبھی صارفین ان کالز سے تنگ آکر عجیب و غریب حرکات بھی کرجاتے ہیں۔

آج کل ویسے بھی سوشل میڈیا پر ایسی مزاحیہ کلپ شیئر کی جاتی ہیں جس میں صارفین اور کسٹر کیئر کے اہلکاروں میں ہونے والی دلچسپ گفتگو موجود ہوتی ہے، انٹرنیٹ پر اسی طرح کی ایک ویڈیو نے لوگوں کی توجہ کھینچ لی جب ایک صارف نے کال کرنے والی خاتون افسر سے 300 کروڑ کا قرضہ مانگ لیا اور وہ حیران و پریشان ہوگئی۔

صارف کو خاتون آفیسر کی کال موصول ہوئی اور اس نے خود کو بینک کا اہلکار بتاتے ہوئے مذکورہ شخص کو قرض دینے کی پیشکش کی، نشا نامی خاتون نے صارف کو گھر اور کار خریدنے کے لیے لون فراہم کرنے کا کہا۔

فوری طور پر اس شخص نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہاں اسے قرض کی کافی ضرورت ہے، خاتون نے جب اس کی درکار رقم کے بارے میں دریافت کیا تو دنگ رہ گئی، اس شخص کا کہنا تھا کہ اسے ٹرین خریدنے کے لیے 300 کروڑ کی رقم بطور قرض چاہیے!

خاتون پہلے تو گڑبڑا گئیں لیکن پھر بعد میں اپنی ڈیوٹی نبھاتے ہوئے اگلا سوال کیا کہ اس سے پہلے تو کبھی انھوں نے قرض حاصل نہیں کیا، جس پر اس شخص نے کہا کہ اس سے قبل ایک سائیکل خریدنے کے لیے اس نے لون (قرض) حاصل کیا تھا۔

صارفین اس آڈیو پر طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں جب کہ کچھ لوگوں نے مذاق میں کہا کہ خاتون کی ہمت ہے کہ وہ اس صارف پر چیخی نہیں۔