نہ رن بنایا نہ وکٹ لی، کیچ بھی نہیں پکڑا، پھر بھی مین آف دی میچ!

کرکٹ کی تاریخ میں ایسا واقعہ بھی گزر چکا ہے جب ایک کرکٹر نے میچ میں نہ کوئی رن بنایا نہ وکٹ لی نہ کوئی کیچ پکڑا، مگر پھر بھی مین آف دی میچ کا حقدار ٹھہرا، وہ خوش نصیب ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کیمرون کفی تھے جو اپنی نپی تلی بالنگ کے باعث اس کے حقدار ٹھہرے۔

ہے نہ حیرت کی بات! پر23 جون 2001 کو ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے مابین کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کے دوران یہ انوکھا واقعہ رونما ہوا، جب کیمرون کفی کو 10 اوورز میں محض 20 رنز دینے پر اس ایوارڈ کا حقدار سمجھا گیا۔

میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز جوڑے، جس میں ڈیرن گنگا 66 ،کرس گیل 53 اور چندر پال 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جواب میں زمبابوے 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا کر یہ میچ ہار گیا، ویسٹ انڈیز کے میرون ڈلون اور مارلن سیمیوئلز نے میچ میں 3، 3 وکٹیں اڑائیں لیکن مین آف دی میچ کا ایواڈ کیمرون کفی کے حصے میں آیا۔

کیمرون نے میچ میں نہ ہی کوئی رن اسکور کیا تھا، نہ ایک بھی وکٹ لی، یہاں تک کہ کوئی کیچ بھی نہیں تھاما، البتہ ایک رن آؤٹ ضرور کیا تھا۔

ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمرون کفی کو میچ میں نپی تُولی بولنگ کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیاا، انھوں نے 10 اوورز محض 20 رنز دیے جبکہ 2 اوورز میڈن بھی کرائے تھے۔