اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سستی بجلی کیلیے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے ونٹر پیکج کی منظوری دے دی۔
نیپرا کے ترجمان نے بتایا کہ ونٹر پیکج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی فائدہ حاصل کر سکیں گے، وفاقی حکومت کی درخواست میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں بجلی کے اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہوگی جبکہ گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کیلیے بڑی خوشخبری آگئی
انہوں نے بتایا کہ گھریلو صارفین کو بجلی کے زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی، صنعتی صارفین کو کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ بچت ہوگی جبکہ زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
ونٹر پیکج کی میعاد دسمبر سے فروری تک 3 ماہ کیلیے ہوگی، فیصلے کے نوٹیفکیشن سے قبل وفاقی حکومت کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
22 نومبر کو نیپرا نے ونٹر پیکج پر 26 نومبر کو سماعت کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمپنی (ای سی سی) پیکج کی منظوری دے چکی تھی۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ ونٹر پیکج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے مقرر ہے، متعلقہ فریقین سماعت سے قبل اپنے تحریری کمنٹس بھیج سکتے ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں وفاقی حکومت نے موسم سرما کیلیے بجلی سہولت پیکج کے تحت موسم سرما کے 3 ماہ بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔