اہلیان کراچی کو بجلی کا ایک اور جھٹکا، قیمت میں پھر اضافہ

کے الیکٹرک

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) نے کراچی کیلئے بجلی ایک روپے 17 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، مذکورہ اضافہ اضافہ جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اہلیان کراچی کیلئے بُری خبر آگئی، نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی مزید ایک روپیہ 71 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، ملک بھر کے دیگر صارفین کیلئے 48 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔

نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ جنوری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، کراچی والوں سے اضافی وصولی مارچ کے بجلی بلوں میں کی جائے گی۔

نیپرا کے مطابق کراچی کے علاوہ ملک میں باقی صارفین کیلئے بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے، یہ وصولی بھی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جنوری کے بلوں پر کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے مہنگائی کے ستائے کراچی کے عوام کیلیے بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں کابینہ نے کراچی کیلیے بجلی 4 روپے 76 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی۔

رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3 روپے 21 پیسے جبکہ دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔

مذکورہ اضافہ ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف برقرار رکھنے کیلیے کیا گیا۔ صارفین سے اضافی وصولیاں مارچ سے مئی 2023ء کے دوران کی جائیں گی۔