سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ : بجلی صارفین بھاری بل دینے کی تیاری کرلیں

بجلی محمود مولوی

اسلام آباد : ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 1روپے 25 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ، اضافہ 2022-23  کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 1روپے25 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا، نیپرا نے 23-2022 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئےاضافےکی منظوری دی۔

نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اضافے کا اطلاق جولائی، اگست ،ستمبر 2023 کے ماہ کے بلز پر ہوگا اور ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائےلائف لائن صارفین پر ہوگا تاہم کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا،

نیپرا نے مزید بتایا کہ بجلی کمپنیز نے نیپرا کوسہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں درخواست دی تھی، جس پر اتھارٹی نے ڈسکوز کی درخواست پر 24 مئی کو عوامی سماعت کی تھی۔

یاد رہے 20 جون کو سی پی پی اے اور کے الیکڑک نے نیپرا میں الگ الگ درخواستیں دائر کیں تھیں ، سرکاری بجلی کمپنیوں کے صارفین کے لئے بجلی 2 روپے 5 پیسے جبکہ کے الیکڑک صارفین کے لئے بجلی 1 روپے 49 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔