کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حکومتی درخواست پر کراچی کیلیے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
کراچی کیلیے بجلی ایک روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ منظوری گزشتہ مالی سال کی دوسری اور تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی۔
جنوری تا مارچ 2023 کی ایڈجسمنٹ میں ایک روپے 25 پیسے فی یونٹ کا اضافہ جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2022 کی ایڈجسمنٹ میں 47 پیسے فی یونٹ کا اضافہ منظور کیا گیا۔
متعلقہ: واپڈا افسران کیلیے مفت بجلی یونٹس کے خاتمے کا فیصلہ معطل
نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ نیپرا کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف برقرار رکھنے کیلیے اضافے کی منظوری دی، کے-الیکٹرک صارفین سے وصولیاں جنوری، فروری اور مارچ میں کی جائیں۔
سال 2023 میں ملک بھر کے بجلی اور گیس صارفین پر 2200 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا گیا جس سے عوام کی مشکلات بڑھیں۔ بجلی صارفین پر ڈالا گیا بوجھ ڈیڑھ ہزار ارب روپے سے زائد کا ہے جبکہ گیس صارفین پر 711 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔
اس سال بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 10 روپے 73 پیسے تک اضافہ کیا گیا جب کہ صارفین پر فی یونٹ تین روپے 23 پیسے کا مستقل سرچارج بھی عائد کیا گیا اس کے علاوہ انہیں سہ ماہی، ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ الگ سے برداشت کرنا پڑا۔ آئی ایم ایف شرائط پر65 ارب روپے کا برآمدی شعبے اور کسان پیکج ختم کیا گیا۔
بجلی اور گیس شعبے کا سرکلر ڈیٹ ساڑھے 5 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔ بجلی کا سرکلر ڈیٹ 2611 ارب جب کہ گیس شعبے کا 2900 ارب روپے تک جا پہنچا۔