اسلام آباد : نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا اور کہا کمپنیاں طلب سے کم بجلی لیتی اورلوڈشیڈنگ کرتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کمپنیوں کی کارکردگی رپورٹ2022-23 جاری کردی، جس میں کہا کہ بجلی کمپنیوں نے نقصانات، کم وصولیوں سے قومی خزانے کو 403 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کے الیکٹرک سمیت 9 کمپنیاں 100 فیصد ریکوری کرنے میں ناکام رہیں، ریکوریاں کم ہونے سے ایک سال میں قومی خزانے کو 263 ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ایک سال میں مقررہ حد سے زائد نقصانات سے خزانے کو 166 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ بجلی موجود ہونے کے باوجود کمپنیاں کوٹے کے مطابق بجلی نہیں لے رہیں، بجلی کمپنیاں جان بوجھ کراپنی طلب سے کم بجلی لے رہی ہیں اور کم بجلی خریدنے سے بجلی کمپنیاں لوڈشیڈنگ کرتی ہیں۔3.
نیپرا نے کہا کہ بجلی موجود ہونے کے باوجود نہ خریدنا الارمنگ ہے، کمپنیاں بجلی موجود ہونے کے باوجود صارفین کو نئے کنکشن نہیں فراہم کررہیں۔
نیپرا کی اجازت کے باوجود بجلی کمپنیوں نے سسٹم کی بہتری کیلئے کوئی سرمایہ کاری نہیں کی، بجلی کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں اور چھوٹی کمپنیوں میں تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔
صوبوں کومنتقلی، نجکاری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلا کر بہتری لائی جاسکتی ہے، نقصانات کی پالیسی ختم کرکے سسٹم میں جدت لانے کی ضرورت ہے۔