حماس کو تباہ کئے بغیر لڑائی بند نہیں ہوگی، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ جب تک ہم حماس کا خاتمہ نہیں کردیتے اُس وقت تک لڑائی بند نہیں کی جائے گی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے مغویوں کے اہلِ خانہ سے بات چیت کی، اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا کہ جب تک مغویوں کو واپس نہیں لاتے، لڑائی بند نہیں کریں گے۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ یقینی بنائیں گے کہ غزہ سے مزید کوئی خطرہ پیدا نہ ہو، مغویوں کی واپسی میری اور جنگی کابینہ کی ذمے داری ہے۔

دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ حماس اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے قریب پہنچنے والی ہے۔

منگل کے روز روئٹرز کو بھیجے گئے ایک بیان میں اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل سے جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں، قطری حکام تک اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔

بیان میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں، تاہم حماس کے ایک رکن نے الجزیرہ ٹی وی کو بتایا کہ مذاکرات جن نکات پر کیے جا رہے ہیں ان میں جنگ بندی کا عرصہ، غزہ میں امداد کی ترسیل کے انتظامات اور اسرائیل میں فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ شامل ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری، شہداء کی تعداد 13 ہزار 300 سے تجاوز کرگئی

حماس کے رکن عصات الرشیق نے کہا کہ دونوں فریق خواتین اور بچوں کو آزاد کریں گے اور قطر کی طرف سے تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا، جو مذاکرات میں ثالثی کر رہا ہے۔