یروشیلم: اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر انٹیلیجنس سربراہ کے خلاف کی گئی ٹوئٹ پر معافی مانگ لی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بنیامین نیتن یاہو نے ٹوئٹ کیا کہ مجھے 7 اکتوبر کو حماس کے بڑے حملے کے بارے میں خفیہ ایجنسی کی جانب سے پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے مذکورہ ٹوئٹ پر شدید تنقید کی گئی جس کے بعد انہیں یہ بیان واپس لینا پڑا۔ انہوں نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میں غلط تھا جو باتیں میں نے کہیں وہ نہیں کہنی چاہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں سکیورٹی اداروں کے تمام سربراہان کی حمایت کرتا ہوں۔
میڈیا کی جانب سے اسرائیلی فوج کے ترجمان سے اس بارے میں ردعمل لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی جنگ میں مصروف ہیں، ہماری پوری توجہ اس پر ہے۔