عالمی دباؤ کے باوجود اسرائیل کا رفح میں آپریشن کرنے کا اعلان

اسرائیلی وزیراعظم نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے رفح آپریشن کو آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

کئی ممالک سمیت بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رفح میں داخل نہ ہو جہاں 15 لاکھ فلسطینیوں نے پناہ حاصل کی ہے۔

نیتن یاہو نے واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیل نواز اے آئی پی اے سی تنظیم کی ایک کانفرنس سے ویڈیو خطاب میں کہا کہ ہم شہری آبادی کو نقصان کے راستے سے نکلنے کے قابل بناتے ہوئے رفح میں کام ختم کر دیں گے۔

نیتن یاہو کے تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یورپی یونین کے رہنما اسرائیل پر زور دینے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ وہ رفح میں زمینی کارروائی شروع نہ کرے۔

خبررساں ادارے کے مطابق یورپی سربراہی اجلاس کے مسودہ متن میں یورپی کونسل نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ رفح میں زمینی کارروائی سے باز رہے جہاں اس وقت دس لاکھ سے زائد فلسطینی لڑائی سے تحفظ اور انسانی امداد تک رسائی کے خواہاں ہیں۔

متن کو 21 اور 22 مارچ کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں اپنانے کے لیے یورپی یونین کے تمام 27 قومی رہنماؤں کی منظوری درکار ہوگی۔