گیلونگ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں نیدرلینڈز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد متحدہ عرب امارات کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں کھیلے جانے والے دوسرے کوالیفائنگ میچ میں نیدرلینڈز نے 112 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
یو اے ای کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 111 رنز بناسکی، محمد وسیم نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں چراغ سوری 12، کاشف داؤد 15، ورتایا اروند 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے بس ڈی لیڈز نے 3، فریڈ کلاسن 2 جبکہ رولف وین ڈر مروی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
مختصر ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کا آغاز اچھا نہ تھا اوپنر وکرم جیت سنگھ 10، میکس او ڈاؤڈ 23 رنز بناکر جلد وکٹیں گنوا بیٹھے، دیگر بلےبازوں میں بس ڈی لیڈز 14، کولن ایکرمین 17، ٹام کوپر 8، رولف وین ڈر مروی 0 بناکر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں اسکاٹ ایڈورڈز اور ٹِم پرنگل نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بناکر فتح کو یو اے ای سے چھین کر اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے 3، باسل حمید، ظہور خان اور افضل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: پہلے میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دے دی
پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدر لینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جبکہ آئر لینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر 4 ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا۔