کبھی کسی اداکار کو کاپی نہیں کیا، اعجاز اسلم

اعجاز اسلم

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم کا کہنا ہے کہ کبھی کسی اداکار کو کاپی نہیں کیا۔

اے آر وائی زندگی کے پروگرام دی نائٹ شو ود ایاز سموں میں اداکار اعجاز اسلم نے شرکت کی اور شوبز سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

میزبان نے سوال کیا کہ بچپن میں کس اداکار کو کاپی کیا کرتے تھے؟

اعجاز اسلم نے کہا کہ کبھی کسی کو کاپی نہیں کیا جو کہ اچھا ہی ہے ورنہ وہی تاثر آپ کے دماغ میں رہ جاتا ہے، میں نے ہمیشہ اسکرپٹ پڑھ کر خود کو کردار میں ڈھالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورا اسکرپٹ پڑھتا ہوں اور اسے پڑھتے پڑھتے کردار سے متعلق سوچتا رہتا ہوں کہ یہ آدمی ایسا چلتا ہوگا، ایسے کپڑے ہوں گے، ایسے بات کرے گا، رویہ اس طرح کا ہوگا یہ سب کچھ ڈیزائن کرلیتا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ آج کل بہت سے اداکار صرف اپنا کردار پڑھ لیتے ہیں وہ اچھا کردار بھی نبھاتے ہیں لیکن اگر وہ اسکرپٹ پورا پڑھ لیں تو اور بہتر اداکاری کرسکتے ہیں اور کردار میں جان ڈال سکتے ہیں۔

اعجاز اسلم نے کہا کہ بعض اداکار اتنے مشہور ہوتے ہیں کہ وہ کہتے ہیں کردار کو ایسے ہی جانے دو لیکن بعد میں انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ اگر کردار کو مختلف انداز سے کیا جاتا تو زیادہ اچھا ہوتا۔

سیگمنٹ پردہ اٹھا دیں میں میزبان نے پوچھا کہ کیا اعجاز اسلم ساتھی اداکاراؤں کو عمر کم کرکے بتاتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمر تو سب کو پتا ہے اور کوئی اب پوچھتا بھی نہیں ہے اگر بتانا بھی ہو تو صحیح عمر ہی بتاتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں اعجاز اسلم نے کہا کہ ایوارڈ میں صرف ایوارڈ وصول کرنے نہیں پرفارم کرنے بھی جاتا ہوں، اگر کچھ بھی نہیں کرنا ہو تو پھر جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اعجاز اسلم اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں جس کی مرکزی کاسٹ میں وہاج علی، عائزہ خان، ازیکا ڈینئل شامل ہیں۔