شہریار آفریدی کی گرفتاری کیخلاف کیس کیلیے نیا بینچ تشکیل

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف کیس کیلیے نیا عدالتی بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

شہریار آفریدی کی گرفتاری کے خلاف کیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کو منتقل کر دیا گیا جو کہ چیف جسٹس عامر فاروق نے بھجوایا۔

جسٹس بابر ستار 15 اگست کو درخواست پر سماعت کریں گے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت سے معذرت کی تھی۔

خیال رہے کہ ڈی سی اسلام آباد کے آرڈر پر تھری ایم پی او کے تحت شہریار آفریدی گرفتار ہیں اور انہیں اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔

شہریار آفریدی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت سے رہائی ملنے کے بعد 4 اگست کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔ عدالت کے جج نے پی ٹی آئی رہنما کو رہائی کا حکام دیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے روالپنڈی بینچ نے شہریار آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 57 کارکنوں کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیا تھا۔