کراچی : ملک میں گلوکاری کے حوالے سے نئے ٹیلنٹ کا سامنے آنا اس بات کا مظہر ہے کہ نوجوان موسیقی کے جذبے سے سرشار ہیں۔
ان ہی نوجوانوں میں ایک ابھرتا ہوا نام گلوکارہ سمیعہ گوہر کا بھی ہے جنہوں نے اپنی خوبصورت آواز اور سریلے انداز میں گائیکی کا مظاہرہ کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔
اے آر وائی کے پروگرام باخبر سویرا میں سمیعہ گوہر کو بحیثیت مہمان مدعو کیا گیا ان کی خوبصورت آواز سے ناظرین بھی محظوظ ہوئے۔
گلوکارہ سمیعہ گوہر کو گزشتہ سال لاہور آرٹس کونسل میں وائس آف الحمرا مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ سمیعہ گوہر نے بتایا کہ گانے کا شوق انہیں بچپن سے تھا اور وہ سال 2016 سے موسیقی کے شعبے وابستہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک فلم میں پلے بیک سنگنگ کی جس میں میڈم نورجہاں کا گایا ہوا گانا گایا، اس گانے کا ری مکس ہوا اور وہ گانا اداکارہ میرا پر فلمایا گیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے اپنی سریلی آواز میں شاعر احمد فراز کی غزل سلسلے توڑ گیا وہ سبھی جاتے جاتے سنائی جسے سب سے پہلے میڈم نورجہاں نے گائی تھی۔