نیو کراچی قبرستان سے دو مغوی بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد، دو ملزمان گرفتار

لڑکوں کی تشدد زدہ لاشیں

کراچی : قبرستان سے دو نوعمرلاپتہ بھائیوں کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جن کی عمر8 سے 10 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں، بچوں کی شناخت علی رضا اور اذان کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے 6 نمبر صدیق آباد قبرستان کے اندر کھودے گئے گڑھے میں 2 لاشوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد محفوظ کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال پہنچادیا۔

لاپتہ بھائیوں کی لاشیں قبرستان کے قریب سے برآمد ہونے کے بعد مقتولین کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ بچوں کی جان بیوی کے سابقہ شوہر کے بھائیوں نے لی ہے۔

پڑوسی لڑکے نے بچوں کو سنی اور سونا کے ساتھ جاتے دیکھا تھا، پولیس نے ملزم سنی اور سونا کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق آٹھ سال کا علی رضا اور دس سال کا اذان ایک ہفتے سے لاپتہ تھے۔

علی اور اذان کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹا گیا۔ دونوں بچے اتوار کی شام گھر کے باہر سے لاپتہ ہوئے تھے۔ نماز جنازہ کے بعد نیو کراچی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔