بھارت میں تباہی مچانے والا مون سون سسٹم پاکستان کی جانب بڑھنے لگا

مون سون بارشوں

کراچی: بھارت میں طوفانی بارشوں سے تباہی اور سیلابی صورتحال پیدا کرنے والا مون سون سسٹم پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمات نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 روز بعد موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا نیا سسٹم اس وقت وسطی ہندوستان میں موجود ہے، جو 25 اگست کو سندھ میں داخل ہو کر 26 اگست تک پورے صوبے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

میٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ 27 سے 31 اگست تک بھرپور بارشیں ہوں گی، کراچی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ بارش کا یہ سلسلہ شہر قائد میں 4 روز تک بادل برسائے گا۔

محکمہ موسمیات نے نئے اسپیل کے دوران سمندر بھپرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا۔

ادھر، میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے کہا کہ کراچی میں آئندہ 2 روز تک درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

انجم نذیر کا کہنا تھا کہ شہر میں نمی کی وجہ سے درجہ حرارت زیادہ محسوس ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں 2 روز کے دوران بارش یا بوندا باندی کا کوئی امکان نہیں تاہم 26 اگست کو مون سون کا نیا سسٹم مشرقی سندھ سے داخل ہوگا جس سے 27 سے 29 اگست کے دوران اچھی بارش ہوگی۔

پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا دورانیہ اور اہمیت

پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا دورانیہ عام طور پر جولائی سے ستمبر تک ہوتا ہے۔ یہ بارشیں ملک کے مختلف حصوں میں مختلف شدت اور مدت کے ساتھ برستی ہیں۔

مون سون کی آمد سے ملک کے کئی علاقوں میں خشک سالی کے بعد زندگی میں ایک نئی بہار آ جاتی ہے۔ یہ بارشیں نہ صرف زرعی پیداوار کے لیے بلکہ پانی کے ذخائر کو بھرپور کرنے اور موسم کو خوشگوار بنانے کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔

تاہم، بعض اوقات یہ بارشیں اتنی شدید ہو جاتی ہیں کہ سیلاب کی صورت اختیار کر لیتی ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی پھیل جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، غیر متوقع اور بے وقت بارشیں بھی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔