کراچی والے تیار ہوجائیں ! مون سون کا ایک اور سسٹم برسنے کو تیار

مون سون بارشوں

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو مون سون کے نئے سسٹم سے خبردار کردیا ہے،بارشوں سے شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کے حالیہ طاقتور اسپیل نے بہت تباہی مچائی، ابھی یہ اسپیل سمندر میں گیا ہے تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نئے اسپیل کی پیشگوئی کردی۔

ملک میں مون سون کا ایک اور سسٹم برسنے کو تیار ہے، بارش کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہوگا اور پانچ ستمبرتک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 2 ستمبر سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جبکہ 2 ستمبر سے ایک مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہوگی جس کے نتیجے میں کراچی میں3 اور 4 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں بارشوں کے حوالےسے نیا الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تین تا چار ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

الرٹ میں کہا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈواللہ یاراور ٹنڈو محمد خان میں بارش متوقع ہے جبکہ سانگھڑ، عمرکوٹ، میرپور خاص اور تھرپارکر میں بھی بارش کا امکان ہے، بارشوں سے شہروں میں سیلابی صورتحال اورنشیبی علاقےزیرآب آنےکاخدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں ملاکنڈ، ہزارہ اورپشاورڈویژن میں ہلکی سے تیزبارش ہوسکتی ہے جبکہ قلات ڈویژن، کوئٹہ، پشین، کیرتھر اور کوہ سلیمان میں بھی ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بارشیں اربن فلڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی کا باعث بن سکتی ہیں، اس لئے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔