شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے بڑی خوشخبری

کراچی : عوامی مرکز میں نئے نادرا سینٹر کا افتتاح

کراچی : نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے بڑی سہولت فراہم کردی گئی ، جس سے شہریوں کی مشکل آسان ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں شہریوں کی شناختی کارڈ بنوانے کی مشکلات کم کرنے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان نے عوامی مرکز میں نئے نادرا سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر ڈی جی نادر ا سندھ نے کہا کہ شہر میں مزید دو نئے نادرا میگا سینٹرز بنائے جائیں گے اور میگا سینٹرز کے باہر موجود "مددگار” کو ایگزیکٹو کا درجہ دیا جا رہا ہے۔

عامر علی خان کا مزید کہنا تھا کہ شہری "پاک آئی ڈی” موبائل ایپ انسٹال کریں، پاک آئی ڈی ایپ پر نادرا کی تمام معلومات اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت دستیاب ہے۔

مزید پڑھیں : شناختی کارڈ کی تجدید گھر بیٹھے کروانے کا مکمل طریقہ

یاد رہے پاکستان کی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایک نئی موبائل ایپ پاک آئی ڈی متعارف کرائی تھی ، جو آپ کے اسمارٹ فون کو ورچوئل نادرا آفس میں تبدیل کر دیتی ہے۔

پاک آئی ڈی موبائل ایپ صارفین کو شناختی دستاویزات کے اجراء اور تجدید سمیت مختلف ضروری خدمات تک رسائی کی اجازت دیتی ہے۔

وقع ہے کہ نادرا کے نئے اقدام سے لاکھوں شہریوں کو فائدہ پہنچے گا، خاص طور پر دور دراز علاقوں میں، جہاں نادرا کے دفاتر تک رسائی محدود ہو سکتی ہے۔