کرونا صورت حال پر کمشنر کراچی کا نیا حکم

کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی پر تمام تفریحی مقامات بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا صورت حال کے پیش نظر کمشنر کراچی نے نیا حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق پارکس، ساحل،تفریحی مقامات 4 اگست تک بند رہیں گے،سوئمنگ پولز، گراؤنڈز،انڈور جم پر 4 اگست تک پابندی عائد ہے۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی پر تمام تفریحی مقامات بند رہیں گے۔

افتخار شلوانی نے کہا کہ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق ہوگا،تمام ڈپٹی کمشنرز ایس او پیز پر عملدرآمدیقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ 4 روز قبل سندھ حکومت کی اجازت کے بعد پبلک پارکس کھل گئے تھے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ صوبے بھر میں ایسے پارکس جہاں جاگنگ ٹریکس ہیں ان پر پابندی نہیں ہے لیکن امیوزمنٹ پارکس، تھیم پارکس اور واٹر پارکس پر پابندی بدستور برقرار ہے۔