ہوشیار، ہیکرز نے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

نیویارک: واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے والے ہیکرز اب نیا طریقہ ڈھونڈ لائے ہیں، سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو اس سلسلے میں ہوشیار کر دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین آئے روز ہیکنگ کے نئے حربے سے دوچار رہتے ہیں، اب ہیکرز لوگوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کا نیا طریقہ لے آئے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے اس نئے طریقے میں صارفین کو ان کے کسی دوست کی طرف سے ایک میسج موصول ہوتا ہے، جس میں 6 ہندسوں پر مشتمل ایک کوڈ ہوتا ہے۔

دی مرر کی رپورٹ کے مطابق اس میسج میں وہ دوست اس صارف سے رابطہ کر کے کہتا ہے کہ ہیلو، سوری، میں نے غلطی سے 6 ہندسوں والا کوڈ آپ کو بھیج دیا ہے، برائے مہربانی یہ کوڈ آپ مجھے دے دیں، یہ بہت ’ارجنٹ‘ ہے۔

سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ کوڈ حقیقت میں ہیکرز کی طرف سے آیا ہوتا ہے اور جس صارف کو موصول ہوتا ہے، اُس کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو اس کے ذریعے ہیک کیا جاتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ اگر صارف اس آدمی کو کوڈ بتا دیتا ہے تو اگلے ہی لمحے اس کے واٹس ایپ کا کنٹرول ہیکرز کے ہاتھ میں چلا جاتا ہے، کوڈ اس آدمی کو دینے کے بعد صارف کے موبائل فون سے واٹس ایپ اکاؤنٹ سائن آف ہو جاتا ہے اور اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ اس صارف کا کلاؤڈ بھی ہیکرز کے کنٹرول میں چلا جاتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی کے ایک ماہر ٹومی واتھن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس کسی کو ایسا 6 ہندسوں کے کوڈ پر مشتمل پیغام موصول ہو، اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیں اور یہ کوڈ کسی کو بھی مت بتائیں خواہ اس آدمی کو آپ ذاتی طور پر بھی جانتے ہوں۔