نیویارک: ہزاروں افراد کی جانب سے نیویارک سٹی کے یونین اسکوائر اور آس پاس کی سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کی گئی، جہاں ایک مشہور لائیو اسٹریمر کی جانب سے پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا، مذکورہ مقام پر افرا تفری مچنے کے بعد پولیس کو مشتعل افراد کو قابو کرنے کے لئے ایکشن لینا پڑا۔
یہاں ہونے والی تقریب کی تشہیر Kai Cenat نے تھی، جو گیمنگ سائٹ Twitch اور YouTube ویڈیوز پر اپنی لائیو سٹریمز کے لیے مشہور ہے۔انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شام 4 بجے مین ہٹن پارک میں ایک ”بہت بڑا تحفہ” کا اعلان کیا تھا۔
ایونٹ شروع ہونے سے قبل سامنے آنے فوٹیج میں لوگوں کو بوتلیں اور کرسیاں پھینکتے، سب وے کے داخلی دروازے کی چھت پر چڑھتے، کاروں کے اوپر کھڑے دکھایا گیا۔
نیو یارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ ترین افسر جیفری میڈری نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس Kai Cenat سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور ان کے خلاف فسادات بھڑکانے سمیت دیگر الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کی کل تعداد ابھی واضح نہیں ہے لیکن پولیس نے حراست میں لئے گئے لوگوں سے ایک بس کو بھردیا تھا۔
میڈری کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی اس واقعے میں متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کئی افسران اور حاضرین زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارک میں موجود افراد نے پولیس اور عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کیں، جبکہ ہمارے افسران پر حملہ بھی کیا گیا۔