کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن سیمی فائنل میں بھارتی خواب چکنا چُور کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا، ورلڈ کپ مقابلوں میں نیوزی لینڈ کو بھارت پر برتری حاصل ہے کیوی ٹیم نے دس میں سے پانچ میچز جیتے ہیں اور چار ہارے ہیں۔
کل بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلے سیمی فائنل میں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی، میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔
کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات سے سروکار نہیں ہے کہ ان کی ٹیم کو اب بھی فیورٹ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ زیادہ کچھ بدل گیا ہے لیکن یہ بھی ہے کہ بھارتی ٹیم غیرمعمولی کرکٹ کھیل رہی ہے، ہمارے پاس بھی فائنل میں جانے کا بہترین موقع ہے، سیمی فائنل میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
ولیمسن نے راچن رویندرا سے متعلق کہا کہ یہ صرف رنز کا حجم نہیں ہے جو اس نے اب تک حاصل کیا ہے بلکہ وہ مسلسل اسکور کررہے ہیں جو ٹیم کے لیے فائدہ مند ہے۔
کیوی کپتان نے کہا کہ راچن اتنی چھوٹی عمر میں عمدہ کھیل رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم آنے والے وقت میں ان کی بیٹنگ میں مزید نکھار دیکھیں گے۔