نیوزی لینڈ نے ’ریویو آف دی ٹورنامنٹ‘ لے کر آئی سی سی کو حیران کردیا

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے عجیب و غریب ریویو لے کر آئی سی سی کو بھی حیران کردیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مضحکہ خیز ویڈیو شیئر کردی۔

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران سری لنکا کی بیٹنگ جاری تھی، 24 ویں اوور میں لوکی فرگوسن کی گیند واضح طور پر سری لنکن بیٹر دشمانتھا چمیرا کے بیٹ سے ہٹ ہونے کے بعد پیڈ پر لگی

تاہم سارے کیوی پلیئرز یہ سمجھے کہ گیند پہلے پیڈ کو لگی ہے اور ایل بھی ڈبلیو کی اپیل کردی۔ امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دینے پر مچل ڈیئرل مچل نے فور طور پر رویویو لینے کا کہا۔

ریویو میں صاف ظاہر تھا کہ گیند واضح طور پر بیٹ سے لگی ہے جس کے بعد مچل، ولیمسن اور فرگوسن سمیت سارے کیوی کھلاڑی ہنستے رہے۔ آئی سی سی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اسے ’ریویو آف دی ٹورنامنٹ‘ کا نام دیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلورو میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔

کوشال پریرا 51 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، سری لنکا کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ کوشل مینڈس 6 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے، نسانکا دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سدیرا سماراوکرما 1 رن بنا کر چلتے بنے۔

اینجلیو میتھیوز 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دھنن جیا ڈی سلوا 19 رنز بناسکے، تھکشانا 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی 9 وکٹیں 128 رنز پر گرنے کے بعد تھکشانا اور مدھوشنکا نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور دسویں وکٹ پر ریکارڈ 43 رنز کی پارٹنر شپ بھی بنائی۔