خون جما دینے والی سردی میں نومولود بچی سڑک سے زندہ مل گئی

خون جما دینے والی سردی میں نومولود بچی سڑک سے زندہ مل گئی

لندن میں خون جما دینے والی سردی کے دوران پولیس کو سڑک پر تولیے میں لپٹی ہوئی نومولود بچی حیران کُن طور پر زندہ مل گئی۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ ایک شہری اپنے پالتو کتے کے ساتھ چہل قدمی کر رہا تھا کہ اسے ایک شاپنگ بیگ سے نومولود بچی ملی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت لندن میں درجہ حرارت تقریباً 3 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا ہے۔

چیف سپرنٹنڈنٹ سائمن کرک نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ شہری نے ایمبولینس طلب کی اور اس کے آنے تک بچی کو سردی سے بچانے کیلیے اقدامات کیے۔

سائمن کرک نے بتایا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ بچی کو کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی، وہ اسپتال میں بالکل محفوظ اور صحت مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس بچی کی والدہ کیلیے فکر مند ہے اور ان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ جلد از جلد رابطہ کریں۔