سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سے دو دن کا نومولود غائب ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سرگودھا کے علاقے چک 30 جنوبی کا محنت کش باپ علاج کے لیے نومولود کو اسپتال لایا تھا، عملے نے چیک اپ کے بعد ٹیگ لگا کر بچہ وارڈ میں منتقل کیا۔
والد نے الزام عائد کیا ہے کہ کچھ دیر بعد بچے کا پوچھا تو کہا گیا بچہ وارڈ میں نہیں ہے۔
نومولود کے والد کا کہنا ہے کہ عملے نے بچے کو وارڈ میں داخل کرکے ہمیں باہر نکال دیا تھا، واقعے کی اطلاع پولیس کو دی ہے لیکن ابھی تک بچے کا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال کے گائنی وارڈ سے خاتون نے نومولود کو اغوا کرلیا تھا۔
جڑانوالہ کے رہائشی صداقت کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، نامعلوم خاتون تین روز سے خاتون کے ساتھ وارڈ میں موجود تھی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے نومولود کی والدہ اور نانی کو نشہ آور چائے پلائی، ماں بیٹی کے بیہوش ہونے پر ملزمہ بچہ لے کر فرار ہوگئی۔
اغوا کار خاتون کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی جس میں خاتون کو ڈاکٹر جیسا سفید گاؤن پہنے دیکھا گیا تھا۔