بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں روح فرسا واقع پیش آیا ہے جہاں پلاسٹک کی تھیلی میں بند ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے علاقے کالی گھاٹ سے ایک نومولود بچے کی لاش ملی ہے جس کو پلاسٹ کے تھیلے میں لپیٹ کر پھینک دیا گیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر مردہ خانہ منتقل کیا جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اسی سے ملتا جلتا ایک افسوسناک واقعہ گزشتہ سال نومبر میں ہریانہ فرید آباد کے علاقے میں پیش آیا تھا جہاں ایک تین سالہ بچی کو قتل کرنے کے بعد پلاسٹک کے بیگ میں بند کر کے پھینک دیا تھا اور پولیس نے لاش کو پڑوسی کے گھر کے باتھ روم سے برآمد کیا تھا۔
پولیس کے مطابق انہیں بچی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ کرائی گئی تھی جس کی بعد ازاں لاش پڑوسی کے گھر کے باتھ روم سے پلاسٹک بیگ میں ملی تھی جو کہ جتیندر نامی ایک شخص کے گھر سے متصل تھا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد جتیندر کو گرفتار کر لیا تھا۔ گرفتاری سے قبل ملزم نے اپنے گھر کی چھت سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی ناکام کوشش بھی کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا اور ملزم جیتندر سے مزید تفتیش اور اس کی روشنی میں قانونی کارروائی جاری ہے۔