ندا ڈار نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کر دی

پاکستان ٹیم کا ویمنز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سفر تو ناکام رہا لیکن قومی آل راؤنڈر نے اس ایونٹ میں تاریخ رقم کر دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم انگلینڈ سے شکست کے بعد پہلے راؤنڈ میں ہی ایونٹ سے باہر تو ہوگئی لیکن قومی آل راؤنڈر نے عالمی ریکارڈ بنا کر مایوسی کن صورتحال کو کچھ کم کر دیا۔

ندا ڈار ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں۔ آل راؤنڈر نے گزشتہ روز جب انگلینڈ کی ہیتھر نائٹ کو آؤٹ کیا تو یہ ان کی 126 ویں وکٹ تھی۔

اس وکٹ حاصل کرنے کے بعد وہ عالمی سطح پر ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کی انیسہ محمد دوسرے نمبر پر چلی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ سے شکست، ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا سفر تمام

واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ نے پاکستان کو 114 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔