نائجیریا میں ڈاکوؤں نے مسجد اور قریبی دیہات میں 50 افراد مار دیے

نائجیریا مسجد پر حملہ

ابوجا: نائجیریا میں ڈاکوؤں نے مسجد اور قریبی دیہات میں حملہ کر کے 50 افراد مار دیے، متعدد افراد کو زندہ جلایا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی نائجیریا میں مسلح افراد نے ایک ہولناک حملے میں مسجد میں 30 نمازیوں کو شہید کر دیا، دیہات میں کیے گئے حملے میں 20 افراد کو بھی قتل کر دیا گیا۔

نمازیوں پر یہ حملہ نمازِ فجر کے وقت کیا گیا، ڈاکوؤں نے نمازیوں پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، واضح رہے ڈاکو کئی سالوں سے نائجیریا کے شمال مغرب اور وسطی حصوں کی دیہی آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

مالٹا میں ملازمت کا سنہری موقع : ورک ویزا کیسے ملے گا؟ جانیے

دیہات پر چھاپے مارنا، رہائشیوں کو تاوان کے لیے اغوا کرنا اور گھروں کو لوٹ کر آگ لگانا ان کے معمولات میں شامل ہے۔ زمین اور پانی کے حقوق پر چرواہوں اور کسانوں کے درمیان تنازعات سے شروع ہونے والا تنازع اب منظم جرائم میں تبدیل ہو چکا ہے۔

یہ گروہ مویشی چوری، اغوا برائے تاوان اور کسانوں پر ٹیکس عائد کر کے بھاری منافع کما رہے ہیں، خاص طور پر ان غریب دیہی علاقوں میں جہاں حکومت رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ وہ کمیونٹیز جو ڈاکوؤں سے امن معاہدے کر لیتی ہیں، ان کے لیے یہ سکون عارضی ثابت ہو سکتا ہے اگر حملہ آور یا حکام اس معاہدے پر قائم نہ رہیں۔