واشنگٹن: سابق امریکی صدارتی امیدوار نکی ہیلی نے اس وقت نہایت سفاک سوچ کا مظاہرہ کیا جب انھوں نے اسرائیل کے دورے کے موقع پر ایک بم پر بے گناہ فلسطینیوں کے لیے ہولناک پیغام لکھا۔
روئٹرز کے مطابق امریکا کی اپوزیشن جماعت ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی نکی ہیلی کو اسرائیلی بم پر ’’انھیں ختم کر دو‘‘ لکھتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی پارلیمان کے رکن ڈینی ڈینن نے تباہ کن بم پر لکھنے کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی، ڈینی ڈینن نے لکھا ’’انھیں ختم کر دو! یہ میری دوست اور سابق سفیر نکی ہیلی نے لکھا ہے۔‘‘
تصویر میں نکی ہیلی اسرائیلی ہتھیار کے خول پر جامنی رنگ کے مارکر سے لکھتے نظر آتی ہیں، انھوں نے فلسطینیوں کے لیے لکھا ’’انھیں ختم کردو، امریکا اسرائیل کو پیار کرتا ہے، ہمیشہ۔‘‘ واضح رہے کہ ڈینی ڈینن لبنان کے قریب سرحدی علاقوں کے دورے پر نکی ہیلی کے ساتھ تھے۔
نکی ہیلی پر تنقید
انسانی حقوق کے گروپوں نے اس سفاکانہ پیغام پر نکی ہیلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہیلی کے اس عمل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدھ کے روز ایک سخت اور طنزیہ بیان جاری کیا۔
رفح کے پناہ گزین کیمپ پر کون سا تباہ کن امریکی بم مارا گیا؟ سی این این کی رپورٹ
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نکی ہیلی کے عمل کو ایک اسٹنٹ قرار دیا، اور کہا کہ جنگ کوئی ایسا موقع نہیں ہے کہ اس پر اسٹنٹ دکھایا جائے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ اس طرح کی جنگوں کے بھی کچھ قواعد موجود ہیں، جن میں سے سرفہرست یہ ہے کہ شہریوں کو محفوظ رکھا جائے۔