مودی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی

بھارت نے فلسطینیوں کیلیے امداد بھیج دی

نئی دہلی: بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک عدم اعتماد ریاست منی پور میں جاری فسادات پر وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمنٹ میں بیان نہ دینے کے خلاف لائی گئی تھی۔

پچھلے دو روز سے لوک سبھا میں تحریک پر بحث جاری ہے تاہم آج نریندر مودی کی جانب سے ایوان میں دو گھنٹے کی طویل تقریر کی گئی جس میں انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

نریندر مودی نے کہا کہ منی پور میں جلد از جلد امن قائم کیا جائے گا، مرکزی اور ریاستی حکومتیں مل کر امن بحال کرنے کیلیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ منی پور میں خواتین کے خلاف سنگین جرائم کیے گئے جن کی معافی نہیں دی جا سکتی، ان خواتین سے کہتا ہوں کہ پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے، ہم جلد ہی کوئی حل نکال کر امن بحال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کا ووٹ ہمیشہ ہمارے خوش قسمت ہوتا ہے، فیلڈنگ اپوزیشن نے سجائی لیکن اس پر چوکے چھکے حکومت کی جانب سے مارے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو غریب عوام کی بلکہ کرسی کی فکر ہے، آج پورا ملک ان کے رویے کو دیکھ رہا ہے اور سب ان سے پریشان ہیں۔

نریندر مودی کی تقریر کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھے اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اس طرح مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی۔