پشاور (7 اگست 2025): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اشارہ دے دیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جب ہم عدم اعتماد لانے کی پوزیشن میں ہوں گے تو لائیں گے، 30 سے 35 ایم پی اے آزاد ہیں، ہمیں تو خدشہ ہے پی ٹی آئی خود وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لے آئے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ علی امین گنڈاپور نے ایک مرتبہ پھر ناک کٹوا دی، پی ٹی آئی صرف گلی کوچوں تک رہ چکی ہے یہ جلسہ جلوس نہیں کر سکتے، پشاور میں جلسہ کرنے پر کس نے پابندی لگائی تھی یہاں کر لیتے۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی میں عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بڑی مشکلات ہیں مجھے ان پر افسوس بھی ہوتا ہے کیونکہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا اتنا آسان کام نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ اپنے آقاؤں کی طرف دیکھتے ہیں۔
قبل ازیں گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ سوات میں چند روز قبل افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ہمارے 16 بہن بھائی شہید ہوئے، ڈسکہ اور رستم کے علاقے میں لواحقین سے اظہار افسوس کرنے گیا، بلال جیسے لوگ بھی موجود ہیں جو جان پر کھیل کر لوگوں کو بچاتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوات حادثے کے متاثرین نے بتایا کہ وہ 2 گھنٹے تک چیختے رہے لیکن کوئی نہ آیا، پانی کا ریلہ آنے میں وقت لگا کسی نے کچھ نہیں دیکھا، نہیں دیکھا تو ہماری حکومت نے نہیں دیکھا باقی دنیا دیکھ رہی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ ایسی صورتحال میں کوئیک رسپانس ہوتا، حکومت سے سوال ہے یہاں پر انکروچمنٹ کیلیے کس نے اجازت دی؟