اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو بے شمار ہولناک واقعات ہوئے جو قوم کو ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے، جو منصوبہ بندی اور اکسانے میں شامل ہے قانون سے بچ نہیں سکے گا۔
امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اس دن عمران نیازی کے حکم پر دہشتگردی کی گئی، اس دن بدقسمتی سے وہ کام کر دکھایا جو دشمن نہ کر سکا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قائد اعظم ہاؤس زیارت کو جلایا اور عمران خان کے جتھوں نے کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کیا، ٹی ٹی پی نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا، اسی طرح ان پاکستانی دشمنوں نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا جبکہ ریڈیو پاکستان کو بھی راکھ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ سویلین تنصیبات میں ملوث تمام افراد کا ٹرائل کیا جائے گا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا آرمی ایکٹ کے مطابق ٹرائل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے جتھے نے میانوالی میں ہوائی جہازوں کو آگ لگانے کی کوشش کی، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ حکومت اس پر ایکشن کرے گی لیکن پنجاب میں پراسیکیوشن کا علیحدہ جامع نظام ہے۔