کراچی میں پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ

‌‌‌کراچی : شہر قائد میں کورونا صورتحال کے جشن آزادی پر پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کنٹرول روم کے ذریعے ایسٹ زون پولیس کو احکامات دے دیئے گئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے کسی گراؤنڈ میں اسٹالز کا اہتمام کیا جائے اور گراؤنڈ میں سخت سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے اگست کے آغاز سے ہی ملک کے شہروں میں پاکستانی پرچموں ، جھنڈیوں اور بیجز وغیرہ کے اسٹال ہر گلی اور محلے میں لگائے جاتے ہیں، رواں سال پاکستانی قوم 75 واں یوم آزادی منائے گی۔

واضح رہے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ کراچی میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے تاہم کیسز میں اضافے پر سندھ حکومت نے دوبارہ سخت فیصلوں کا عندیہ دے دیا ہے۔