بے نامی جائیدادوں کی چھان بین، ایف بی آر نے اینٹی بےنامی زونز تشکیل دے دیئے

ایف بی آر

اسلام آباد : ایف بی آر نے بے نامی جائیدادوں کی چھان بین کیلئے ملک بھر میں اینٹی بےنامی زونز تشکیل دے دیئے، ریونیو اتھارٹیز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے مل کر جائیدادوں کی معلومات حاصل کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں اینٹی بےنامی زونز تشکیل دے دیئے ہیں۔

اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ڈائریکٹوریٹ بےنامی زونز ریونیو اتھارٹیز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی مدد سےمعلومات جمع کریں گے۔

اینٹی بےنامی زونز اسلام آباد انتظامیہ کی بھی مدد سے معلومات جمع کرینگے، ایف بی آر کے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ تینوں اداروں کے افسران کو بےنامی قوانین پرجامع بریفنگ دیدی گئی ہے۔

تینوں اداروں کو بےنامی جائیداد کی نشاندہی اور رپورٹنگ پرمزید رہنمائی دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایف بی آر کا اینٹی بےنامی ڈائریکٹوریٹ104جائیدادوں کی نشاندہی کرچکاہے۔

نشاندہی کی گئی104جائیدادوں کے مالکان کی تعداد79ہے، ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آرکا اینٹی بےنامی ڈائریکٹوریٹ پہلے سے جائیدادوں کی چھان بین بھی کررہا ہے۔

کراچی کی58،لاہور18،اسلام آباد28نشاندہی شدہ جائیدادیں ہیں، ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ جائیدادوں کے خریدار اور فروخت کنندہ کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔

اینٹی بےنامی ڈائریکٹوریٹ چار ارب مالیت کی جائیدادیں اور اثاثےضبط کرچکا ہے، ضبط شدہ املاک میں بینک اکاؤنٹس، شیئرزاور اراضی شامل ہے۔