پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم نہ کیے جانے پر خیبر میں آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے سیکیورٹی نہ دینے پر خیبر میں آج سے شروع ہونے ولی پولیو مہم عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ پولیس نے مطالبات کے حق میں پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس فورس کا کہنا ہے کہ ضم قبائلی اضلاع کی پولیس کیلیے کوئی سروس اسٹرکچر نہیں ہے۔ ہم رائفلز، ہیلمٹ، بلٹ پروف جیکٹ تک سے محروم ہیں۔ اعلیٰ پولیس حکام نے بار بار وعدے کیے یقین دہانیاں کرائیں لیکن اب تک کوئی بھی مطالبہ پورا نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے لیے ہماری ٹیمیں تیار ہیں لیکن پولیس کی جانب سے سیکیورٹی نہ دینے کی وجہ سے پولیو مہم کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع ہوئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق اس پولیو مہم میں صوبے کے 27 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے تحفظ کے قطرے پلانےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے 6 ہزار 947 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیو کے قطروں کے ساتھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے۔