متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے احتجاج کی کال دے دی

متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے نان اور روٹی کے نرخ میں اضافہ کے لیے 12 جنوری کو احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف سیکریٹری آفس کے باہر پنجاب بھر کے تندور مالکان احتجاج کریں گے ۔ اس حوالے سے ایسوسی ایشن کا اجلاس صدر آفتاب گل کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں فائن اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے نان اور روٹی کے نرخ میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں صدر آفتاب گل نے کہا کہ آئے روز آٹے اور فائن کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، روٹی 15 اور نان 25 روپے میں فروخت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات میں روٹی 35 اور نان 40 روپے کا کیا جائے، سستی روٹی اور نان فروخت کرانا ہے تو تندور پر سستا آٹا اور فائن فراہم کیا جائے۔