ممبئی: مراکشی نژاد کینڈین ڈانسر نورا فتیحی نے بالی وڈ فلموں میں مرکزی کردار نہ ملنے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وجہ بھی بتا دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نورا فتیحی نے حالیہ انٹرویو میں بالی وڈ میں خود کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے میں ڈانسر ہوں شاید اسی وجہ سے فلموں میں مرکزی کردار نہیں دیا جاتا۔
نورا فتیحی نے کہا کہ بالی وڈ کی مشہور اداکارائیں بھی ڈانسر رہ چکی ہیں جنہوں نے بہت زبردست پرفارم کیا اور بہترین ڈانس نمبرز بھی دیے، انڈسٹری میں نامور اداکارہ ہونے کا یہی مہیار ہے شاید، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس کی وجہ یہ ہے۔
متعلقہ: نورا فتیحی کمرہ عدالت میں جیکلین فرنانڈز پر پھٹ پڑیں
انہوں نے کہا کہ اگر ایک اداکارہ تمام کیٹیگریز یعنی اداکاری کی مہارت، چمک اور زبان کی مہارت کے اظہار کی صلاحیت رکھتی ہے تو اسے موقع دیا جاتا ہے۔
’آج بالی وڈ میں سب کا ایک دوسرے سے مقابلہ ہے۔ سال میں چند ہی فلمیں بن رہی ہیں۔ کبھی کبھی فلمسازوں کے ساتھ پتا نہیں کیا ہوتا ہے کہ وہ مقامی فنکاروں سے ہٹ کر کسی کو دیکھتے ہی نہیں ہیں۔‘
نورا فتیحی نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ بالی وڈ میں اس وقت صرف چار اداکاراؤں کا ہی راج ہے اور فلمسازوں کو ان کے علاوہ کوئی نظر نہیں آ رہا، ان اداکاراؤں کو ایک کے بعد ایک پروجیکٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
تاہم نورا فتیحی نے ان اداکاراؤں کا نام نہیں بتایا۔