نارتھ کراچی تھانہ بلال کالونی کی حدود میں پولیس اور ایکسائز نے کارروائی کرتے ہوئے نئی نمبر پلیٹ مفت بانٹنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق مفت نمبر پلیٹ بانٹنے والے مرکزی کردار فیضان کو حراست میں نہیں لیا گیا، ایکسائز نے کئی نمبر پلیٹس تحویل میں لے لیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ مبینہ طور پر جعلی نمبر پلیٹس ہیں۔
نوجوانوں کو حراست میں لینے پر شہریوں نے تھانہ بلال کالونی کے باہر احتجاج کیا ہے۔
شہری کا کہنا ہے کہ نیو کراچی میں کئی موٹر سائیکل سواروں کو مفت نمبر پلیٹ دی گئی، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس نے کارروائی کی۔
پولیس نے کارروائی ضلعی انتظامیہ کے حکم پر کی اور نمبر پلیٹس بنانے والے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے نئی نمبر پلیٹ لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے جو شہریوں کے لیے درد سر بن گیا ہے، حکومت نے نمبر پلیٹ لگوانے کی آخری تاریخ 14 اگست مقرر کی ہے۔