شمالی کوریا نے مزید دو میزائل کا تجربہ کرلیا

شمالی کوریا نے شدید عالمی دباؤ کے باوجود میزائل کے مزید دو تجربات کیے ہیں، مذکورہ میزائل آبدوز کے ذریعے کامیابی سے فائر کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے کسی بھی عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنی جنگی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور مزید 2 میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشق سے قبل شمالی کوریا کا یہ میزائل تجربہ اہمیت کا حامل ہے۔

میزائلوں نے فضا میں دو گھنٹے کی مسافت طے کرتے ہوئے 1500 کلومیٹر کی دوری پر اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ دونوں میزائل سمندر میں آبدوز کے ذریعے فائر کیے گئے۔

اس حوالے سے جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد فوج کو الرٹ کردیاگیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربہ جنوبی کوریا اورامریکا کی جنگی مشقوں سے چند گھنٹے قبل کیا گیا۔ یاد رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکا آج سے گیارہ روزہ مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر رہے ہیں۔ اس مشق کو "فریڈم شیلڈ ٹوئنٹی تھری” کا نام دیا گیا ہے۔