شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے اہم اعلان

شمالی کوریا کم جونگ ان ایٹمی ہتھیار

سیئول (19 اگست 2025): شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جنوبی کورین میڈیا کے مطابق منگل کو شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ’’جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار‘‘ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

اگرچہ سیئول اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں، تاہم پیانگ یانگ باقاعدگی سے ایسی مشقوں پر تنقید کرتا رہا ہے اور انھیں حملے کی تیاری کی مشقیں قرار دیتا ہے، اور بعض اوقات اس کے جواب میں ہتھیاروں کے تجربات بھی کرتا ہے۔

اِسکبیڈی، ٹریڈ وائف، ڈی لولو، ماؤس جگلر، ان الفاظ کا کیا مطلب ہے؟

روئٹرز کے مطابق کم جونگ اُن نے پیر کو ایک نیوی ڈسٹرائر کے دورے کے دوران کہا کہ یہ مشقیں شمالی کوریا کے لیے ’انتہائی دشمنی اور محاذ آرائی پر مبنی رویے‘ کے ارادے کا واضح اظہار ہیں، انھوں نے کہا کہ سلامتی کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے شمالی کوریا مجبور ہے کہ وہ اپنی جوہری طاقت میں ’تیزی سے اضافہ‘ کرے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حالیہ امریکا جنوبی کوریا مشقوں میں ’جوہری عنصر‘ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ امریکن سائنٹسٹس فیڈریشن کی ایک رپورٹ میں گزشتہ سال یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اگرچہ شمالی کوریا کے پاس اتنا فِسائل مواد (fissile material) ہو سکتا ہے جس سے وہ 90 تک جوہری وار ہیڈز بنا سکے، لیکن غالب امکان یہ ہے کہ اس نے اب تک تقریباً 50 جوہری ہتھیار تیار کیے ہیں۔

شمالی کوریا اگلے سال اکتوبر تک 5,000 ٹن وزنی ’چوئے ہیون کلاس‘ (Choe Hyon-class) کا تیسرا ڈسٹرائر بحری جہاز تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی رکھتا ہے اور ان جنگی جہازوں کے لیے کروز اور اینٹی ایئر میزائلوں کے تجربات بھی کر رہا ہے۔