کم جونگ اُن کا یوکرین تنازع پر ہر قسم کے روسی اقدامات کی ’’غیر مشروط‘‘ حمایت کا اعلان

شمالی کوریا کم جونگ ان روس

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے یوکرین تنازع پر ہر قسم کے روسی اقدامات کی ’’غیر مشروط‘‘ حمایت کے اعلان کا اعادہ کیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف شمالی کوریا کے تین روزہ دورے پر ہیں، جہاں وونسان شہر میں ان کی کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات ہوئی، شمالی کوریا کے رہنما نے ماسکو کو یوکرین کے ساتھ جنگ میں مزید فوجی مدد کا وعدہ کیا۔

اس ملاقات میں روس نے شمالی کوریا کی سلامتی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کا اظہار کیا، روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو شمالی کوریا کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔


یورپ اور میکسیکو کو ٹرمپ کا بڑا جھٹکا، تمام اشیا پر 30 فی صد ٹیرف لگا دیا


دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تعاون کا اعادہ کیا۔ کم جونگ ان نے روس کے اعلیٰ سفارتکار کو بتایا کہ یوکرین کے ساتھ تنازع کے حل کے سلسلے میں ماسکو کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی وہ ’’غیر مشروط طور پر حمایت‘‘ کرتے ہیں۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق کِم جونگ اُن نے لاوروف کو بتایا کہ اس وقت عالمی سطح پر جس طرح کی شدت پسندانہ جغرافیائی سیاست پروان چڑھ رہی ہے، اس کے رد عمل میں اتحادیوں کے اقدامات سے دنیا بھر میں امن اور سلامتی کے حصول میں بہت مدد ملے گی۔

کے سی این اے کے مطابق ’’کم جونگ ان نے اس بات کی تصدیق کی کہ ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا یوکرینی بحران سے نمٹنے کے لیے روسی قیادت کے ہر اقدام کی غیر مشروط حمایت اور حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہے۔‘‘