شمالی کوریا میں کورین پاپ میوزک (کے پاپ) کی ویڈیوز دیکھنے کے جرم میں دو نوجوان لڑکوں کو سخت سزا سنا دی گئی۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایک تنظیم کی جانب سے فوٹیج جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شمالی کوریا کے حکام دو نوجوانوں کو سزا سنا رہے ہیں۔
فوٹیج کے مطابق 16 سال کے لڑکوں کو جنوبی کوریا کے کورین پاپ میوزک کی ویڈیوز دیکھنے کے جرم میں 12 سال قید با مشقت کی سزا دی گئی۔
مذکورہ فوٹیج جنوبی اور شمالی ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری کی گئی۔
خبر رساں ایجنسی فوٹیج کی آزادانہ تصدیق نہ کر سکی، تاہم اس کو سب سے پہلے برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے چلا گیا تھا۔
شمالی کوریا میں جنوبی کوریا کا تفریح مواد دیکھنے اور ان جیسا انداز اپنانے پر سخت سزائیں عائد ہوتی ہیں۔ اس سلسلے میں سال 2020 میں ایک قانون نافذ کیا گیا تھا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ نوجوانوں کو کھلی عدالت میں سزا سنائی گئی جہاں طلبہ سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس منظر کو ایک ہزار سے زائد طلبہ نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
طلبہ نے اپنے چہروں پر ماسک لگائے ہوئے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کورونا وبا کے دوران ریکارڈ کی گئی فوٹیج ہے۔