ناروے کپ، پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

ناروے کپ میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

قومی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نے ناروے کے سٹرنڈیم کلب کو3-2 گول سے شکست دی، یہ میچ کافی سنسنی خیز رہا، قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے مقابلے کے آخری سیکنڈ میں گول کرکے فتح اپنے نام کی۔

قومی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کےعبیداللہ، محمد کاشف اور محمدعیسیٰ نے گول اسکور کیے، ٹیم کل اپنا کوارٹر فائنل میچ جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ناروے کپ میں قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔

قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم گروپ میچز میں ناقابل شکست رہی تھی۔ گرین شرٹس نے ناروے کی اوسٹیسی کلب کو گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں 3-1 سے شکست دی تھی۔