حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے) نے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن سے اسرائیل تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
دونوں تنظمیوں نے بیان میں کہا ہے کہ پی ایل او فلسطینی ریاست کی حیثیت کو مسترد کرنے والی قرارداد کا جواب دیں، قرارداد کے جواب میں پی ایل او بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دے۔
گزشتہ روز اسرائیلی پارلیمنٹ نے فلسطین ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار کی قرارداد منظور کی تھی۔
بیان کے مطابق فلسطین کو مٹانے کیلئے اسرائیلی کوششوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے اسرائیل فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے اسرائیل فلسطینی پناہ گزینوں کو واپسی کےحق سے محروم کر رہا ہے۔
پی ایل او نے 1993 میں اسرائیل کو تسلیم کیا جب اس کے رہنما یاسرعرفات تھے۔ اسرائیل نے خود اوسلو معاہدے کی خلاف ورزی کی، پی ایل او بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاہدے سے دستبردار ہو جائے۔
فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والے اسرائیل نے فلسطینی ریاست کے قیام کو خطرہ قرار دیدیا۔ اسرائیل کی پارلیمنٹ نے قرارداد کے ذریعے فلسطینی ریاست کےقیام کو مسترد کر دیا۔
اسرائیلی اپوزیشن لیڈر قرارداد پر ووٹنگ کے بجائے سیشن چھوڑ کر ہی چلےگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن لیڈر اور ان کی جماعت دو ریاستی حل کےحق میں ہے۔
فلسطین نیشنل انیشیٹو کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ برغوتی نے اسرائیلی قرارداد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرارداد فلسطینیوں کےساتھ امن کو مسترد کرتی ہے اسرائیلی قرارداد اوسلو معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کہہ چکے ہیں موجودہ اسرائیلی حکومت کے ہوتے ہوئے بھی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دو ریاستی حل ممکن ہے۔ امریکی صدر نے یہ بات اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد میڈیا سے کہی۔
امریکی صدر سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ سمجھتے ہیں کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے اقتدار میں ہوتے ہوئے دو ریاستی حل ناممکن ہے، اس پر امریکی صدر نے کہا کہ نہیں، ایسا نہیں ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر مسلط جنگ کے خاتمے پر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام مسترد کردیا تھا۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو پورے خطے پر سیکیورٹی کنٹرول کی ضرورت ہوگی جو کہ خود مختاری کے نظریے سے براہ راست ٹکراؤ کی بات ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے نیتن یاہو کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی ہے۔ بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ نیتن یاہو ہر قسم کے دو ریاستی حل کے خلاف ہیں۔