سینیٹر اعجاز چوہدری، ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے 9  مئی کیس قید کی سزا پانے والے تحریک انصاف کے سینیٹر اور دو ارکان اسمبلی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 9 مئی کیس میں اےٹی سی نے تینوں ارکان کو سزا سنائی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 9 مئی مقدمات میں 39 ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی مقدمات میں پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان، 11 ایم این اے اور تین سینیٹرز کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے تمام ارکان پر مقدمات ہیں، مجھ سمیت کوئی ایسا پارلیمنٹیرین نہیں جس پر کوئی مقدمہ نہ ہو۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے خلاف بھی 6 مقدمات درج ہیں، آج بھی کیسز مین لوگوں کو چھ، چھ ماہ کی سزائیں دی گئیں، ہمیں کہا گیا ڈی چوک پر جلسہ نہیں کرسکتے، کہا گیا جلسہ کرنا ہے تو سنجانی کے مقام پر کریں ، یہ اس قسم کے مقدمات ہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیرپاؤ پل کیس میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت دیگر پانچ ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کیا۔

اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا میں 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا۔

اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔