’اب ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تو خاموش نہیں بیٹھوں گا‘

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عمادوسیم نے ٹیم سے بلاوجہ باہر کرنے پر پی سی بی کو خبردار کر دیا۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ اب بغیر وجہ ڈراپ کیا گیا تو خاموش نہیں بیٹھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال بلاوجہ ٹیم سے باہر رکھا گیا پوچھنے پر بھی ڈراپ کرنےکی وجہ نہ بتائی گئی لیکن دوبارہ ایسا نہیں ہونے دوں گا اپنی جنگ لڑوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے اگر میں وہ باؤلر ہوتا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کنڈیشنز پر منحصر ہوں تو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی لیگز مجھے سائن نہ کرتیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پی سی بی نے قومی ٹیم کے 16 رکنی ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، دونوں فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔

ٹی 20 کے 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زمان خان شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور اسامہ میر شامل ہیں۔